Apple Introduces Cheapest Smartphone

ایپل نے 67 ہزار کا سستا مگر جدید فون متعارف کرا دیا

ایپل نے بدھ کو اپنا نیا اور سستا آئی فون ایس ای ریلیز کر دیا، جس کی قیمت صرف 399 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

یہ فون 24 اپریل کو عوام کے لیے دستیاب ہوگا، لیکن 17 اپریل سے بکنگ کروائی جا سکے گی۔

تجزیہ کاروں کے خیال میں سستے آئی فون کی ریلیز کا مقصد کم بجٹ کے صارفین کو راغب اور کرونا وائرس سے ہونے والے نقصان کو کم کرنا ہے۔ دوسرے فون استعمال کرنے والوں کے آئی فون نیٹ ورک میں آنے سے ایپل کی دوسری خدمات کے صارفین کی تعداد بھی بڑھ جاتی ہے، جس سے اس کے منافع میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

امریکی ریڈیو وائس آف امریکا کے مطابق آئی فون ایس ای ایپل کے موجودہ فونز میں سب سے سستا ہے اور پرانے ماڈل کا سیکنڈ جنریشن فون ہے۔

اس سے پہلے آئی فون 8 سب سے سستا تھا جس کی قیمت 450 ڈالر ہے۔ لیکن اب وہ ریٹائر کردیا جائے گا۔

آئی فون ایس ای کی ڈسپلے اسکرین 4٫7 انچ کی ہے۔ لیکن اس میں پروسیسر چپ آئی فون 11 پرو والی ہوگی۔

اس فون میں اعلیٰ کیمرے کے علاوہ وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی ہوگی۔ البتہ یہ فائیو جی نیٹ ورک کو سپورٹ نہیں کرے گا اور اس میں فیس ریکگنیشن یعنی چہرے کی شناخت کے بجائے پرانے ماڈلز کی طرح فنگر پرنٹس سنسر ہوگا۔

ایپل نے نئے صارفین کو راغب کرنے کے لیے نئے آئی فون کے ساتھ ایک سال کے لیے مفت اسٹریمنگ ٹیلی وژن سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔