Booze Brewing in a Sober Bladder Read in Urdu

پیشاب کی جگہ شراب آنے لگی – ڈاکٹر دنگ رہ گئے

امریکی ریاست پینسلوینیا میں ڈاکٹر اس وقت دنگ رہ گئے جب ایک 61 سالہ عورت کے پیشاب میں بڑی مقدار میں الکوحل آنے کا انکشاف ہوا- اس عورت کو جگر کی تبدیلی کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ مغربی خبررساں ادارے واشنگٹن پوسٹ کے مطابق متذکرہ عورت نے ڈاکٹروں کو یقین دلایا کہ اس نے اسپتال میں شراب کو ہاتھ تک نہیں لگایا ہے مگر ڈاکٹروں کو مریضہ کی بات پر شبہ تھا اور چوں کہ شراب کی زیادتی جگر کو بری طرح متاثر کرتی ہے اس لیے ڈاکٹروں نے اسے ’اعتدال‘ سے زیادہ شراب پینے کی عادت سے چھٹکارا دلانے والے پروگرام میں داخل کروانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم مریضہ کا اصرار تھا کہ وہ عادی شراب نوش نہیں جب کہ دیگر ٹیسٹوں سے بھی اس کے جسم میں شراب نوشی سے پہنچنے والے عموماً نقصانات کی علامات بھی نہیں ملیں۔ چناں چہ ماہرین نے جب مزید ٹیسٹ کیے تو یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا کہ اس عورت کا مثانہ خود بہ خود شراب تیار کر رہا تھا اور یہ اتنی حیرت انگیز کیفیت تھی کہ اسے مزید مطالعے کے لیے ’اینلز آف انٹرنل میڈیسن‘ جیسے مؤقر جریدے میں گزشتہ پیر کے روز شائع کیا گیا ہے۔ ماہرین کے بقول ممکن ہے کہ مریضہ کسی ایسے ’غیرمعمولی‘ مرض کا شکار ہے جس میں مثانے میں پیشاب کی جگہ خود بخود الکوحل بننے لگتی ہے جب کہ تمام تر ٹیسٹوں کے بعد مریضہ کے خون میں شراب کی قطعاً کوئی مقدار ظاہر نہیں ہوئی۔ ماہرین نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ جسم میں حد سے بڑھی ہوئی شوگر کی مقدار بھی اس کیفیت کی ذمے دار ہو سکتی ہے تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ دنیا میں کئی کروڑ لوگوں میں سے کسی ایک کے ساتھ ایسا ہوتا ہے اور وہ بھی شاذونادر ہی۔