Dream About Teeth Falling Out in Urdu
خواب اور تعبیر - اگست 3, 2020

خواب میں اپنے دانت ٹوٹنے کی پراسرار تعبیر جانیے

خواب میں اپنے دانت ٹوٹتے دیکھنا ایک بہت عمومی امر ہے اور لوگوں کی اکثریت اس قسم کے خواب دیکھتی ہے۔ زیادہ تر یہ خواب ذہنی و مالی پریشانیوں کی صورت میں دکھائی دیتے ہیں۔


Dream About Teeth Falling Out in Urdu


مگر بات صرف اتنی ہی نہیں کیوں کہ اسلام کے علاوہ دنیا کے دیگر مذاہب جیسے ہندو مت، عیسائیت اور یہودیت میں بھی ان خوابوں کو نہایت اہم بتایا گیا ہے جب کہ یہودی اور عیسائی علماء یہاں تک متفق ہیں کہ دانت ٹوٹنے والے خواب نہایت ہی پراسرار ہوتے ہیں اور ان کی ایک تعبیر دینا بہت مشکل ہے کیوں کہ ان خوابوں کی تعبیریں حیرت انگیز طور پر ایک دوسرے کے قطعی برعکس بھی ہیں۔

بہرحال جدید و قدیم معبرین کے مطابق خواب میں دانت اہلِ خانہ کی علامت ہیں۔ اوپر کے دانت مردوں پر دلیل ہیں جب کہ نیچے والے دانت عورتوں پر دلیل ہیں۔ اسی طرح اگلے دانت فرزندوں اور بھائیوں اور بہنوں یا باپ اور ماں پر دلیل ہیں جب کہ پہلو کے دانت چچا اور چچا زادوں پر دلیل ہیں نیز پچھلے دانت دور کے رشتے داروں پر دلیل ہیں۔


افسانوں سے پرے ہاروتؑ اور ماروتؑ کا درست واقعہ


دانتوں کی سفیدی اور پاکیزگی گھر والوں کی قوت اور مرتبے پر دلیل ہے ۔ بعض اہل تعبیر نے بیان کیا ہے کہ اگلا دانت جو دائیں طرف ہے باپ اور باپ کے رشتے داروں پر دلیل ہے اور جو بائیں طرف ہیں وہ ماں اور ماں کے رشتے داروں پر دلیل ہیں۔

اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اگلے دانت ہلتے ہیں تو مراد ہے کہ اس کے رشتے داروں (قریبی) میں کوئی بیمار ہو سکتا ہے۔


’ابنِ سیرین نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اس کے اگلے دانت ہتھیلی پر یا گود میں یا زمین پر گرے ہیں اور مٹی میں نہیں ملے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کے ہاں بیٹا ہو گا یا اس کے بھائی یا بہن کی پیدائش ہو گی‘


تاہم اگر دیکھے کہ اس کے دانت خاک میں گرے ہیں یا ضائع ہوئے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کی اولاد یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کا انتقال ہو سکتا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کے دانت ٹوٹے ہوئے یا بوسیدہ ہیں تو دلیل ہے کہ اس کی اولاد یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک پر آفت آئے گی ۔


Dream About Teeth Falling Out in Urdu


اور اگر دیکھے کہ اس کے اگلے دانت ریزہ ریزہ ہوئے ہیں دلیل ہے کہ اُس کی دولت مندوں سے دشمنی ہو گی اور اگر دیکھے کہ دانتوں میں سے کسی ایک کو اکھاڑا ہے دلیل ہے کہ ایک گروہ اس کو سخت برا کہے گا اور اس سے دوری اختیار کرے گا۔

اگر دیکھے کہ اس کے اگلے دانت زیادہ ہو گئے ہیں تو دلیل ہے کہ اولاد یا بہن بھائیوں میں سے کوئی ایک راحت اور خوشی پائے گا اور اگر دیکھے کہ اس کے دانتوں کے ساتھ ایک اور نیا دانت اگا ہے چناںچہ اگر نیچے کا ہے تو لڑکی آئے گی اور اگر اوپر کا ہے تو لڑکا آئے گا اور اگر دیکھے کہ اس نے اپنے اگلے دانت اکھاڑے ہیں تو دلیل ہے کہ اپنا حصہ اپنے بہن بھائیوں سے لے گا۔

’اگر دیکھے کہ تمام دانت گرے ہیں اور دنیا نے اس کا یہ حال دیکھ لیا ہے تو یہ اس کے اہلِ خانہ کی ہلاکت پر دلیل ہے مگر دیکھے کہ اس کے تمام دانت ہاتھ کی ہتھیلی یا دامن میں گرے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کا خاندان زیادہ ہو گا اور اسے خوشی ملے گی نیز اس کا قرض اترے گا‘


خواب  میں  تالا  دین  و دنیا  میں  کام  یابی  کی  علامت  ہے


اگر دیکھے کہ اس کے دانت چاندی یا شیشے یا مٹی کے ہیں تو یہ اس کی ہلاکت پر دلیل ہے۔


یہ بھی پڑھیے


معتبر اہلِ تعبیر نے بیان کیا ہے کہ دانتوں کا گرنا قرض کو ادا کرنا ہے مگر بعض کہتے ہیں کہ لڑائی اور جھگڑے پر دلیل ہے چناں اس صورت میں درست تعبیر دینے کے لیے خواب دیکھنے والے کے خارجی اور داخلی حالات کو مدِنظر رکھنا ہو گا۔

مختصراً خواب میں دانت ٹوٹتے دیکھنے کو اس درجہ بندی کے تحت بیان کیا جا سکتا ہے:

  •  لمبی عمر کی دلیل ہے اور اللہ تعالٰی کے حکم سے وہ دانت ٹوٹنے کی عمر کو پہنچے گا۔
  • خواب دیکھنے والا اگر قرض دار ہے تو اللہ تعالیٰ کی غیبی مدد کے ذریعے قرض سے نجات کا اشارہ ہے۔
  • خواب دیکھنے والے کے ہم عمر اس کی زندگی میں دنیا سے رخصت ہوں گے۔
  • خواب دیکھنے والے کو اچانک بے پناہ مال ملے گا۔
  • خواب دیکھنے والے کا کوئی قریبی عزیز بیرون ملک جائے گا۔
  • ایک تعبیر یہ بھی ہے کہ خواب دیکھنے والے کے دشمن ناکام ہوں گے اور ہرگز نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔

’خیال رہے کہ اوپر کے دانت مرد رشتے داروں اور نیچے کے دانت خواتین رشتے داروں پر دلیل ہوتے ہیں چناں چہ کوئی خواب میں دیکھے کہ اس کے تمام دانت گر پڑے ہیں مگر اس نے سب کے سب اپنے ہاتھ کی ہتھیلی میں لے لیے ہیں تو دلیل ہے کہ اپنے رشتے داروں  کو ایک جگہ جمع کرے گا اور پھر جیتے جی ان کو جدا نہ ہونے دے گا‘


اگر دیکھے کہ اس کے دا نتوں سے خوشبو آتی ہے تو دلیل ہے کے اس کے رشتے دار اس کی تعریف کریں گے مگر اس کے خلاف دیکھے – یعنی خواب میں دانتوں سے بدبو آتی محسوس کرے – تو دلیل ہے کہ رشتے دار اس کی غیبت کریں گے۔ اگر دیکھے کہ اس کے دانت میں درد ہے تو غم و اندوہ پر دلیل ہے اور اگر دیکھے کہ اس کے دانت پیلے ہو گئے ہیں تو دلیل ہے کہ جو شخص ان کی طرف منسوب ہے وہ بیمار ہو گا اور اگر دیکھے کہ اس کے دانت کالے ہو گئے ہیں تو یہ دلیل ہے کہ اسے غم و اندوہ پہنچے گا۔

’اگر دیکھے کہ اس کے دانت گرے ہیں مگر وہ دوبارہ خوب مضبوطی سے باندھ دیے گئے تو دلیل ہے کہ اس کی عمر اتنی دراز ہو گی کہ اس کے سب اہل وہ عیال اس کے سامنے قبر میں جائیں گے‘

 اگر دیکھے کہ اس کے دانت درد کرتے ہیں اور ان کو اپنے ہاتھ سے اکھاڑا ہے اور دونوں ہاتھوں میں لیے ہیں تو دلیل ہے کہ بہت سا مال پائے گا اور اگر د یکھے کہ اپنے منہ سے خو ن آلود دانت ہا تھ میں پکڑے ہیں تو دلیل ہے کہ جس رشتے دار سے وہ دانت منسوب ہے اسے تو بہت نفع ہو گا مگر خواب دیکھنے والے کو کوئی مصیبت پہنچے گی۔

اگر دیکھے کہ اس کے بعض دانت ظاہر ہو ئے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کے بعض رشتے دار سفر کو جائیں گے اور سلامتی سے واپس آئیں گے اور اگر دیکھے کہ اس کے تمام دانت زبان کے درمیان جمع ہو ئے ہیں اور پھر سب واپس اپنی جگہ پر جا لگے ہیں تو دلیل ہے کہ اپنے رشتے داروں پر شک اور ان سے بدگمانی  کرے گا۔

 خواب میں دانتوں کا دیکھنا چھ وجہ پر ہے :

  1. اہل و عیال
  2.  مال کسی بھی قسم کا
  3. کسی بھی قسم کا فائدہ
  4. غم و تکلیف یا سخت مصیبت
  5. کسی سے ہمیشہ کی جدائی
  6. ضرر و نقصان

درج ذیل دعا کثرت سے پڑھنے سے اور خاص طور پر سونے سے پہلے بے شمار بار پڑھنے یا پڑھتے پڑھتے سو جانے سے اللہ تعالٰی جو چاہتے ہیں عموماً خواب میں اپنے بندے پر ظاہر کر دیتے ہیں۔ کوئی شخص اگر کوئی بات جاننے کا خواہش مند ہے تو چاہیے کہ وہ اس دعا کو کثرت سے پڑھنا معمول بنا لے۔ انشاء اللہ دل کی مراد پوری ہو گی۔


یَاعَلِیْمُ عَلِّمْنِیْ یَا خَبِیْرُ اَخْبِرْنِیْ یَاوَھَّابُ ھَبْ لِی مِنْ اَسْرَارِالدٌنْیَا وَالْآخِرَۃ


 

تحقیق و جستجو نیرنگ ٹیم