India Among 10 Worst-Hit Covid-19 Nations
اہم ترین - مئی 25, 2020

عالم گیر وبا – بھارت دس بد ترین ممالک میں شامل

بھارت میں گزشتہ چار روز کے دوران کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد بھارت عالمی وبا سے متاثرہ 10 بدترین ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔

بھارتی چینل ‘این ڈی ٹی وی’ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کے لیے گزشتہ ہفتہ ہلاکت خیز رہا جہاں صرف پیر کو 5242 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔

بھارت میں جمعے کو 6088، ہفتے کو 6654 اور 6767 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس طرح بھارت میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار ہوچگئی ہے۔

بھارت میں کرونا وائرس سے صرف ایک دن میں 154 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد چار ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

اس وقت دنیا کے 196 ممالک کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہیں جب کہ 10 ممالک ایسے ہیں جنہیں بدترین متاثرہ ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں بھارت کا 10 واں نمبر ہے۔

وائرس سے متاثرہ 10 ممالک میں امریکہ سرِ فہرست ہے اس کے بعد برازیل، روس، برطانیہ، اسپین، اٹلی، فرانس، جرمنی ترکی اور بھارت شامل ہیں۔