Iran to attack Israel in 2020 |Read in Urdu

پیشگوئی: ایران 2020ء میں اسرائیل پر حملہ کرے گا

اسرائیل میں ایک یہودی ربّی نے توریت میں مبینہ طور پر موجود ایک پوشیدہ پیغام کی مدد سے پیش گوئی کی ہے کہ ایران 2020ء میں اسرائیل پر حملہ کر دے گا۔

ربّی میتھیو گلیزرسن عہدنامۂقدیم میں ’چھپے خدا کے خفیہ پیغامات‘ کو پڑھنے کے ماہر باور کیے جاتے ہیں۔


بائبل کا ’پوشیدہ‘ پیغام اور ایران اسرائیل جنگ کی پیشگوئی


اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق ربّی میتھیو کو توریت میں ’پوشیدہ‘ ایک اور خفیہ پیغام نے مہلک کورونا وائرس کے بارے میں بھی قبل ازوقت خبر دی تھی۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق ربّی میتھیو نے ایران کی اسرائیل پر حملے کی پیش گوئی کرنے والی ویڈیو میں ’ای ایل ایس‘ نامی طریقہ استعمال کرتے ہوئے توریت کے ایک مخصوص پیراگراف کا ہر دسواں حرف چنا اور جب انہیں ترتیب دی گئی تو لفظ ’ایران ٹکوف‘ بنا جس کا مطلب ہے ’ایران حملہ کرے گا‘۔

ربّی میتھیو نے کتابِ مقدس میں موجود ایک اور حوالے کی مدد سے دعویٰ کیا کہ اس کا اشارہ نمبر 5780 کی طرف ہے جو کہ یہودیوں کا حالیہ سال ہے۔

چناں چہ ربّی میتھیو کا دعویٰ ہے کہ ان دونوں پیغامات کو ملا کر پڑھا جائے تو صاف ظاہر ہے کہ ایران رواں سال اسرائیل پر حملہ کرنے والا ہے۔

خیال رہے کہ ربّی میتھیو نے ایک ماہ قبل ایک دیگر ویڈیو پیغام میں ’خفیہ مذہبی کوڈ‘ کی مدد سے حالیہ مہلک ترین کورونا وائرس کے پھوٹ پڑنے کی پیش گوئی بھی کی تھی۔

معروف صحافی مائیکل ڈروزنی کی ’دی بائبل کوڈ‘ نامی کتاب کی سال 1997ء میں اشاعت کے بعد بائبل کے ان ’خفیہ پیغامات‘ نے عالمی شہرت حاصل کی تھی جس میں ان مبینہ پیغامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیاہے ۔ علاہ ازیں متعدد ماہرینِ ریاضیات کا ماننا ہے کہ بائبل کے بابِ اوّل ’پیدائش‘ میں ایسے پیغامات موجود ہیں جو ایک صدی بعد پیدا ہونے والے ربّیوں کے حالات زندگی کی تفصیلات بیان کرتے ہیں۔ کچھ دیگر اسکالرز نے مبینہ بائبل کوڈز کے ذریعے ہولوکاسٹ اور نائن الیون جیسے واقعات کی پیش گوئیوں کے بھی دعوے کیے ہیں تاہم زیادہ تر سائنسی ماہرین اس بارے میں شکوک وشبہات کا شکار ہیں اور انہوں نے نامعلوم کن وجوہات کی بنیاد پر مستقبل کے بارے میں جاننے کے لیے ان ’خفیہ پیغامات‘ کی ڈی کوڈنگ کے بارے میں ’متنبہ‘ کیا ہے۔

دریں اثناء متذکرہ ویڈیو کے آخر میں ربّی میتھیو نے یہودیوں کو اپنے گناہوں سے توبہ کرنے اور خدا کے احکامات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔