New York Times Preparing Huge UFO Revelation in Urdu

’یو ایف اوز پر نیویارک ٹائمز اہم ترین خبر دینے والا ہے‘

امریکی بحری جنگی جہاز ’یو ایس ایس نمٹز‘ سے جڑی یو ایف اوز کی ویڈیوز اور ’ناقابلِ فہم اڑن اجسام‘ کے بارے میں پینٹاگون کے خفیہ پروگرام کی بابت دنیا بھر کو چونکا دینے والی رپورٹ کی اشاعت کے بعد عالمی مؤقر انگریزی اخبار نیویارک ٹائمز ’غیر ارضی خلائی مخلوق‘ یا ’ناقابلِ فہم اڑن اجسام‘ کے بارے میں دوسرا اہم ترین انکشاف کرنے والا ہے۔  

واضح رہے امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون کے ایک خفیہ پروگرام کے بارے میں چند ماہ قبل نیویارک ٹائمز نے چونکا دینے والی رپورٹ شائع کی تھی جس کا مقصد امریکی فضائی حدود کو لاحق جدید ترین خطرات کی شناخت کرنا تھا۔

تاہم اب متعدد مین اسٹریم اور پیرالل نیوز ویب سائٹس کا کہنا ہے کہ نیویارک ٹائمز بہت جلد اسی نوعیت کی ایسی اہم ترین رپورٹ شائع کرنے والا ہے جو تمام دنیا میں تہلکہ مچا دے گی اور اس بارے میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

مغربی ویب سائٹس کے مطابق نیویارک ٹائمز کا ممکنہ انکشاف یقینی طور پر ان ’غیر ارضی خلائی جہازوں‘ کے بارے میں ہو سکتا ہے جو زمانہ دراز سے زمین پر گر کر تباہ ہوتے رہے ہیں جب کہ اس رپورٹ کی اشاعت رواں جولائی کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔

اس بارے میں حقیقت کیا ہے جاننے کے لیے نیرنگ سے جڑے رہیے۔

خیال رہے کہ سابقہ رپورٹ میں یو ایف اوز کی واضح ترین وڈیوز دکھانے کے باوجود امریکی حکومت نے بھرپور کوشش کی تھی کہ ناقابلِ فہم اڑن اجسام کا تعلق نام نہاد ’غیر ارضی خلائی مخلوق‘ کے جہازوں سے ثابت نہ ہونے پائے اور اس ذیل میں رپورٹ میں زور دیا گیا تھا کہ یہ اڑن اجسام بہرحال کسی ’خلائی مخلوق‘ کے تو نہیں بلکہ کوئی ایسا ’کائناتی معمہ‘ ہیں جسے ہم فی الوقت سمجھنے سے قاصر ہیں۔

بقول غالؔب کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں کیا . . . !

پڑھتے رہیے کہ نیرنگ زندگی ہے۔