WHO Admits Botching Response to Covid-19 in Urdu

کورونا سے خبر دار کرنے میں تاخیر ہوئی – ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا وائرس کی پیشگی معلومات کی فراہمی میں کوتاہی کو تسلیم کر لیا ہے اور کہا ہے کہ عالمی ادارہ بروقت اطلاع نہیں دے سکا۔


WHO Admits Botching Response to Covid-19 in Urdu


اور وبائی مرض سے متعلق اپنے ردِعمل کا آزادانہ جائزہ لینے کی یقین دہائی بھی کرائی ہے؛ تاہم امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ادارے کو چین کا ‘کٹھ پتلی’ قرار دیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کو کرونا وائرس سے متعلق دنیا کو فوری آگاہ نہ کرنے کی تنقید کا سامنا ہے۔ امریکہ نے ادارے پر وبا کے پھیلاؤ کی درست اور فوری معلومات فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی امداد بھی روک رکھی ہے۔

پیر کو ڈبلیو ایچ او کا سالانہ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا تو اجلاس کے دوران مختلف ملکوں کے سربراہان اور وزرائے صحت نے ادارے کے کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اجلاس میں شریک امریکہ کے وزیرِ صحت الیکس آذر نے کہا کہ ادارہ کرونا وائرس سے متعلق معلومات حاصل کرنے اور اس کی فراہمی میں مکمل ناکام رہا ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس وبا کے قابو سے باہر ہونے کی ایک وجہ ڈبلیو ایچ او کی ناکامی ہے۔ جس معلومات کی دنیا کو ضرورت تھی اس کی فراہمی میں یہ ادارہ مکمل ناکام رہا ہے۔

اس موقع پر یورپی یونین نے ایک قرار داد پیش کی جس میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی برادری کا غیر جانب دار، آزادانہ اور جامع جائزہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریاسس نے تسلیم کیا کہ کرونا وائرس سے متعلق بعض کوتاہیاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے ادارے کے کردار پر نظرثانی کے مطالبے کا بھی خیر مقدم کیا ہے۔

ٹیڈروس گیبریاسس نے کہا کہ تجربات سے سیکھتے ہوئے وہ مناسب وقت پر ادارے کے کردار پر نظرثانی کریں گے جس کے بعد قومی اور عالمی سطح پر وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاری کے حوالے سے سفارشات بھی پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ "ایک چیز بالکل واضح ہے کہ دنیا پہلے کی طرح نہیں ہو گی۔”

گیبریاسس کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس بات پر نظر ثانی کی ضرورت نہیں ہے کہ سب کو اپنی حیثیت میں رہتے ہوئے کام کرنے اور یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ایسا پھر کبھی نہ ہو۔

Click Here

اجلاس کے دوران امریکہ کے وزیرِ صحت نے چین کا نام لیے بغیر کہا کہ اس وبا کو چھپانے میں ایک رکن ملک کا واضح کردار ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا کو معاشی نقصان کی صورت میں خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے گزشتہ برس کے آخر میں جنم لینے والے کرونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اب تک اس وبا سے دنیا بھر میں تین لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور 47 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

اس وبا سے سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہے جہاں اب تک 90 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 15 لاکھ سے زیادہ متاثر ہیں۔

Click Here

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ وہ ڈبلیو ایچ او کے لیے امریکہ کی امداد مکمل طور روک رہے ہیں۔

ان کے بقول، عالمی ادارے نے ہم سے درست رویہ اختیار نہیں کیا۔

وائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او چین کا کٹھ پتلی ہے جس کی مکمل توجہ چین کی جانب ہے اور اس نے ہمیں غلط مشورے دیے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ڈبلیو ایچ او کے سالانہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ کرونا وائرس کا بحران دنیا کے لیے ‘ویک اپ’ کال ہے۔ بین الاقوامی برادری کو موجودہ حالات میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہم نے کچھ یکجہتی اور انتہائی کم اتحاد دیکھا ہے۔ مختلف ممالک مختلف حکمتِ عملی اپنا رہے ہیں اور بعض اوقات یہ حکمتِ عملی ایک دوسرے کے متضاد ہے جس کی وجہ سے ہم سب نے بھاری قیمت ادا کی ہے۔

انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے ممالک نے ڈبلیو ایچ او کی سفارشات کو نظر انداز کیا ہے جس کی وجہ سے وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اب بھی یہ وبا مزید پھیل سکتی ہے اور اس کی دوسری لہر آنے کا بھی خدشہ موجود ہے۔